18 جمادی الثانی؛ وفات شیخ مرتضیٰ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ

فقہ و اجتہاد کے معمارِ نو
تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہیں جن کی وفات ان کے علمی وجود کو ختم نہیں کر پائی۔ ان کے جسم خاک میں دفن ہو گئے، لیکن ان کی فکر صدیاں گزرنے کے بعد بھی نسلوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ خاتم الفقہاء آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ مرتضیٰ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ ایسی ہی عظیم شخصیت ہیں، جنہوں نے فقہ و اصول کی دنیا میں تحقیق، استدلال اور اجتہاد کو نئی جہت عطا کی۔
1214 ہجری میں ایران کے شہر دزفول میں پیدا ہونے والے شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے مسلسل علمی جدوجہد کے ذریعہ ایسا مقام حاصل کیا کہ صاحبِ جواہر کے بعد 1266 ہجری میں مرجعیتِ عامہ کی ذمہ داری ان کے سپرد ہوئی۔ 18 جمادی الثانی 1281 ہجری کو نجف اشرف میں ان کی وفات ہوئی، لیکن ان کی علمی میراث آج بھی حوزہ ہائے علمیہ میں زندہ ہے۔
عزم و استقلال؛ کامیابی کا راز
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیرمعمولی ذہانت کے حوالے سے معروف نہیں تھے، لیکن ڈیڑھ صدی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی علمی فکر تمام حوزہ ہائے علمیہ پر اثرانداز ہے۔ جس سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ انسان کی کامیابی کا بنیادی راز عزم و استقلال ہے، محض ذہانت نہیں۔
یہ پیغام آج کی نسل کے لئے بھی نہایت اہم ہے کہ تاریخ ساز علمی کارنامے فوری شہرت سے نہیں، بلکہ مسلسل محنت، استقامت اور مقصد سے وابستگی سے وجود میں آتے ہیں۔
رسائل و مکاسب؛ فقہی تحقیق کا سنگِ میل
شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی دو شہرۂ آفاق تصانیف ’’فرائد الاصول‘‘ المعروف ’’رسائل‘‘ اور ’’المکاسب‘‘ فقہ و اصول کی تاریخ میں بنیادی مقام رکھتی ہیں۔ رسائل نے اصولی تحقیق کو نئی گہرائی عطا کی، جبکہ مکاسب نے معاملات کے فقہی مباحث کو غیرمعمولی وسعت دی۔
ان کا امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے فقہ کو محض اقوال کی نقل و تکرار تک محدود نہیں رکھا، بلکہ دلیل، تحقیق، تنقید اور استدلال کو بنیادی اہمیت دی۔ ان کا منہج سکھاتا ہے کہ علمی اختلاف دشمنی نہیں، بلکہ حق کی تلاش اور فکری ارتقاء کا ذریعہ ہے۔
علمی میراث کا تسلسل
مرجع راحل سلطان المؤلفین آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی کتاب ’’المکاسب‘‘ کی مفصل شرح ’’إيصال الطالب إلى المكاسب‘‘ تحریر کرکے اس علمی میراث کو آگے بڑھانے میں اہم خدمت انجام دی۔ یہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی فکر بعد کے بزرگ فقہاء کے لئے بھی تحقیق و تدریس کا زندہ سرچشمہ رہی ہے۔
فقاہت کے ساتھ زہد و تقویٰ
شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی عظمت صرف ان کی علمی تحقیقات تک محدود نہیں تھی؛ ان کی زندگی سادگی، زہد، تقویٰ اور دنیاوی مفادات سے بے رغبتی کا نمونہ بھی تھی۔ ان کی سیرت یہ درس دیتی ہے کہ علم کی حقیقی قدر اسی وقت ہے جب وہ انسان کے کردار، اخلاق، تواضع اور خدمتِ خلق میں بھی ظاہر ہو۔
پیغام
شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی یاد منانے کا حقیقی مقصد صرف ان کے کارناموں کا تذکرہ نہیں، بلکہ ان کے تحقیقی منہج کو زندہ کرنا ہے۔ ہمارے علمی ماحول کو ایسے طلبہ اور محققین کی ضرورت ہے جو محض سابقہ نظریات کی تکرار نہ کریں، بلکہ دلیل، تحقیق اور علمی استقلال کے ساتھ اجتہاد کی نئی راہیں کھولیں۔
18 جمادی الثانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظیم علماء کی حقیقی میراث ان کے القاب و مناصب نہیں، بلکہ ان کا علم، کردار اور فکری منہج ہوتا ہے۔
ڈیڑھ صدی گزر گئی، نسلیں بدل گئیں، مگر رسائل و مکاسب آج بھی درس گاہوں میں زندہ ہیں۔ یہی شیخ مرتضیٰ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی عظمت، فکری فتح اور جاودانگی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔
رضوان اللہ تعالیٰ علیہ وأسكنه فسيح جناته۔




