برطانیہ: اسٹوڈنٹ ویزا پر پابندی، افغان خواتین اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے محروم

برطانیہ نے مارچ 2026 میں افغان شہریوں کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا معطل کر دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں برطانوی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والی درجنوں افغان خواتین اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے محروم ہو گئی ہیں۔
بی بی سی نیوز کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق کیمرون، میانمار اور سوڈان کے شہریوں پر بھی ہوتا ہے۔ ان ممالک کے خواہش مند طلبہ برطانیہ سے باہر جمع کی گئی درخواستوں پر اسپانسرڈ اسٹوڈنٹ ویزا حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے یہ اقدامات اس وقت کیے جب مذکورہ چاروں ممالک کے طلبہ کی جانب سے پناہ کی درخواستوں میں 2021 کی سطح کے مقابلے میں 470 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
متاثرین میں وہ افغان خواتین بھی شامل ہیں جنھیں جامعات سے داخلے کی پیشکش مل چکی تھی اور جو باوقار "چیوننگ اسکالرشپ” سمیت وظائف کی درخواستوں کے آخری مراحل تک پہنچ چکی تھیں۔ ان پابندیوں کی سب سے زیادہ مار ان خواتین پر پڑی ہے جو طالبان کی حکمرانی میں پہلے ہی تعلیم کی شدید رکاوٹوں سے دوچار ہیں، جہاں لڑکیوں کے ثانوی اسکولوں اور خواتین کے جامعات میں تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد ہے۔




