ہندوستان
ممبئی: فلک بوس عمارتوں کی بالائی منزلوں پر 40 فیصد زیادہ فضائی آلودگی کا انکشاف

ممبئی کی فلک بوس عمارتوں کی بالائی منزلوں پر نچلی منزلوں کے مقابلے تقریباً 40 فیصد زیادہ فضائی آلودگی پائی گئی ہے۔ نجی ماحولیاتی تنظیم ’ممبئی ایکولوجیکل ریسرچ اینڈ اینالائزز گروپ‘ (MERAG) کے مطالعے میں یہ انکشاف ہوا ہے۔
تنظیم نے فروری سے مئی 2026ء کے دوران وڈالا کی کثیر منزلہ عمارتوں میں دوسری سے 26ویں منزل تک سینسر نصب کرکے مسلسل 4 ماہ فضائی آلودگی، باریک ذرات اور ہوا کے بہاؤ کی نگرانی کی۔ مطالعے کے مطابق صنعتی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں اور بلند عمارتوں کے درمیان ہوا کی گردش میں رکاوٹ بالائی منزلوں پر آلودگی بڑھنے کی ممکنہ وجوہات ہیں۔ یہ نتائج اس عام تصور کے برعکس ہیں کہ زیادہ بلندی پر فضائی آلودگی کم ہوتی ہے۔



