
ازبکستان کے شہر سمرقند کی ایک عدالت نے 22 سالہ شیعہ نوجوان سنتیلو اکپروف کو ٹیلی گرام چینل پر مذہبی نوحے اور واقعۂ کربلا و شہادت امام حسین علیہ السلام سے متعلق مرثیے نشر کرنے کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالتِ تجدیدِ نظر نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ’’فورم 18‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، سمرقند پولیس نے 94 ارکان پر مشتمل ٹیلی گرام چینل کی دو سال تک نگرانی کے بعد نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی۔ ازبکستان کی کمیٹی برائے مذہبی امور نے مذکورہ مرثیوں کو امنِ عامہ کے لئے خطرہ اور نظریاتی تحریکوں کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا ہے۔
نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سزا کی توثیق کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام اس کی موجودہ صورتِ حال اور مقام کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کر رہے۔
فورم 18 کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ازبکستان میں سرکاری نگرانی کے دائرے سے باہر شیعہ مذہبی سرگرمیوں کو متعدد رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ شیعہ مساجد کی رجسٹریشن کے لئے دی جانے والی درخواستیں بھی حکام کی جانب سے مسترد کی جاتی رہی ہیں۔




