تاریخ اسلامدنیا

13 نومبر؛ عالمی یومِ مہربانی اور ایامِ عزائے فاطمی

کیا ہم نے سیرتِ رسولؐ اور مظلومۂ کائناتؑ سے مہربانی کا سبق سیکھا؟

دنیا ہر سال 13 نومبر کو عالمی یومِ مہربانی مناتی ہے، تاکہ انسانوں کو محبت، ہمدردی، ایثار اور خدمتِ خلق کی طرف متوجہ کیا جا سکے۔ یہ دن ایامِ عزائے فاطمی کے ساتھ ہمیں ایک ایسے دردناک تاریخی سوال کے سامنے بھی کھڑا کرتا ہے جس سے نظریں چرانا آسان نہیں: جن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے پوری انسانیت کے لئے رحمت بن کر دنیا کو اخلاق و مہربانی کا درس دیا، انہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہلِ بیت علیہم السلام کے ساتھ تاریخ میں بے رحمی کا معاملہ کیوں کیا گیا؟

قرآنِ مجید اعلان کرتا ہے: "وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ؛” یعنی ہم نے آپؐ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔ مگر تاریخ کا یہ تلخ المیہ ہے کہ رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھنے والے بعض لوگوں نے خود ان کے اہلِ بیت علیہم السلام کے ساتھ رحم و مروّت کا برتاؤ نہ کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آنکھوں کا نور، پیکرِ عصمت و طہارت، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو رنج و الم سے دوچار ہونا پڑا۔ وہ سیدہؑ جن کی رضا کو رسولؐ کی رضا اور جن کی اذیت کو رسولؐ کی اذیت قرار دیا گیا، ان کے غم، مظلومیت اور مصائب آج بھی ہر صاحبِ ضمیر کے دل کو سوگوار کر دیتے ہیں۔

یہ ایام ہمیں صرف آنسو بہانے کی دعوت نہیں دیتے، بلکہ یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ کیا ہماری رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ سے محبت اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے عقیدت ہمارے کردار میں بھی نظر آتی ہے؟ کیا ہم نے اس گھرانے کی سیرت سے رحم، ایثار، عفو، خدمت اور مظلوم نوازی سیکھی ہے جس نے بھوک کے باوجود مسکین، یتیم اور اسیر کو کھانا کھلایا اور کہا: "إِنَّمَا نُطْعِمُكُمْ لِوَجْهِ اللَّهِ لَا نُرِيدُ مِنْكُمْ جَزَاءً وَلَا شُكُورًا؛” ہم تمہیں صرف اللہ کی رضا کے لئے کھلاتے ہیں، نہ تم سے بدلہ چاہتے ہیں اور نہ شکریہ۔

امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام نے انسانیت کے احترام کا ایسا آفاقی اصول عطا فرمایا جو آج بھی دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے: "النَّاسُ صِنْفَانِ: إِمَّا أَخٌ لَكَ فِي الدِّينِ، وَإِمَّا نَظِيرٌ لَكَ فِي الْخَلْقِ؛” انسان دو طرح کے ہیں، یا دین میں تمہارے بھائی ہیں یا خلقت میں تمہارے جیسے انسان۔ یہی تعلیم ہمیں اختلاف کے باوجود احترام اور ضرورت مند کے ساتھ ہمدردی کا راستہ دکھاتی ہے۔

آئیے، یومِ مہربانی کو محض ایک رسمی دن نہیں بلکہ عملی عہد بنائیں: کسی ضرورت مند خاندان کے گھر راشن پہنچائیں اور کسی بھوکے کو کھانا کھلائیں، کسی یتیم بچے کی تعلیم، کتابوں یا تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری اٹھائیں، کسی مریض کے علاج، دوا یا اسپتال کے اخراجات میں مدد کریں، کسی تنہا، معمر یا بیمار شخص کی عیادت کریں اور اس کی ضرورت معلوم کریں، گھریلو ملازمین، مزدوروں اور کمزور طبقات کے ساتھ عزت و انصاف سے پیش آئیں، سوشل میڈیا پر کسی کی تضحیک، تحقیر اور دل آزاری سے بچیں؛ اختلاف کو دشمنی نہ بنائیں، مظلوم کا ساتھ دیں، ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں اور ظالم کو ظلم سے روکنے کی کوشش کریں۔

یاد رکھیے، مہربانی کا مطلب ظلم پر خاموشی اختیار کرنا نہیں؛ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی روک تھام بھی انسانیت کا تقاضا ہے۔ اسی طرح عزائے فاطمی کا ایک اہم مقصد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کو یاد کرنے کے ساتھ ان کی سیرتِ ایثار و بندہ نوازی کو اپنانے کا عہد بھی ہے۔ اگر ہمارے عزاداری کے آنسو کسی بھوکے کے لئے غذا، کسی بیمار کے لئے دوا، کسی یتیم کے لئے سہارا اور کسی مظلوم کے لئے آواز نہیں بنتے تو ہمیں اپنے طرزِ عمل کا محاسبہ کرنا چاہیے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے دکھ کو یاد رکھیں، ان کے دشمنوں کے ظلم سے براءت کریں اور ان کی پاکیزہ سیرت کو اپنی زندگی میں زندہ کریں۔ رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت ہونے کا حق اسی وقت ادا ہوگا جب ہماری زبان میں سچائی، ہمارے دل میں رحم، ہمارے عمل میں ایثار اور ہمارے معاشرے میں انسانیت ہوگی۔ یہی عالمی یومِ مہربانی کا حقیقی پیغام اور ایامِ عزائے فاطمی کا ایک اہم عملی درس ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button