دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی لکھنو کے زیر اہتمام مجالس عزائے فاطمی

لکھنؤ۔ دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کی جانب سے ایامِ عزائے فاطمی کے موقع پر منعقدہ مجالس عزا کی پہلی مجلس کا آغاز جناب علی عباس کی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر علی نقی بنارسی اور سخی عباس نے پیشخوانی کی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید رضا عباس نقوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و مرتبہ، فضائل و مناقب اور آپ کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رسولِ خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بے مثال محبت و قربت، ولایت و امامت کے دفاع میں آپ کے کردار اور واقعۂ فدک کے تاریخی پس منظر کو بھی بیان کیا۔
مولانا رضا عباس نقوی نے ایامِ عزائے فاطمی کے دوران مجالس کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان مجالس کا انعقاد محض ایک رسم نہیں، بلکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو زندہ رکھنے، آپ کے فضائل و مناقب اور مظلومیت کو نئی نسل تک پہنچانے اور پیغامِ ولایت و امامت کو عام کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
مجلس کے دوران مولانا نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ڈھائے گئے ظلم، تکالیف و مصائب اور آپ کی شہادت کے دردناک واقعات بھی بیان کئے، جسے سن کر عزادارانِ اہل بیت علیہم السلام اشکبار ہو گئے۔




