دہلی ہائی کورٹ کی سو سال پرانے وقف قبرستان کی بے دخلی پر روک

دہلی ہائی کورٹ نے سول لائنز میں واقع سو سال پرانے وقف شدہ قبرستان سے بے دخلی کی کارروائی پر روک لگادی ہے اور حکومت کو احاطے میںحالتِ جوں کی توں برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔
قبرستان انتظامیہ نے ۲۲؍ اکتوبر کے بے دخلی کے اس نوٹس کو چیلنج کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ۱۷؍ ایکڑ کا پلاٹ مرکزی حکومت کی ملکیت ہے اور اس کا نظام لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس سنبھالتا ہے۔ لڈلو کاسل روڈ اور انڈر ہل روڈ کے درمیان واقع اس احاطے میں درگاہیں، ایک مسجد اور ایک مدرسہ قائم ہے۔
دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، قبرستان باغ شیر جنگ کا انتظام انجمن وکیلِ قوم پنجابیاںنامی ایک رفاہی سوسائٹی سنبھالتی ہے، جو ۱۹۱۰ء سے پہلے سے موجود ہے۔
عدالت نے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ وہ۱۱؍ مارچ ۲۰۲۷ء کو ہونے والی اگلی سماعت تک موجودہ صورتحال کو جوں کا توں برقرار رکھے۔۲۲؍ اکتوبر کو، لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے قبرستان کے احاطے میں موجود چار مبینہ ناجائز قابضین کو بے دخلی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ۱۵؍ دن میں جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ نوٹس میں انتباہ بھی دیا گیا تھا کہ عدم تعمیل کی صورت میں زبردستی قبضہ کر لیا جائے گا




