خبریںمقالات و مضامین

عالمی یومِ آزادی: دیوارِ برلن کے انہدام کا پیغام آج بھی زندہ

تاریخی واقعات ہمیشہ اقوامِ عالم کے لیے انسانی عزت و وقار اور غلبہ و تسلط سے نجات کا مفہوم سمجھنے میں سنگِ میل ثابت ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے میں 9 نومبر کو بنیادی انسانی اقدار سے تجدیدِ عہد اور ہر طرح کے مطلق العنان نظام کی نفی کی علامت کے طور پر عالمی تاریخ میں درج کیا گیا ہے۔

ہمارے ساتهی نے اپنی رپورٹ میں اسی موضوع کا جائزہ لیا ہے، آئیے ملاحظہ کرتے ہیں:

9 نومبر 1989 کو دیوارِ برلن کے گرائے جانے کی یاد دلاتا ہے۔ اس واقعے کو مشرقی یورپ میں کمیونسٹ بلاک کے علامتی زوال اور سرد جنگ کے خاتمے کا پیش خیمہ مانا جاتا ہے۔
اس دن کو پہلی بار 2001 میں اُس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے "عالمی یومِ آزادی” کا نام دیا۔ اس کے بعد یہ بین الاقوامی کیلنڈروں میں شامل ہو گیا، تاکہ معاشروں کو شہری آزادیوں اور انسانی وقار کے تحفظ کی اہمیت یاد دلائی جا سکے۔
امریکہ کے قومی آرکائیوز اور دیوارِ برلن کے انہدام سے متعلق دستاویزی مرکز میں محفوظ تاریخی ریکارڈ کے مطابق، اس دن کو منانا انسانی حقوق کو درپیش چیلنجوں اور آمرانہ و مطلق العنان حکومتوں کے زیرِ تسلط مختلف اقوام کی اذیتوں پر غور و فکر کا موقع ہے۔ دیوارِ برلن کے سقوط نے ثابت کر دیا کہ مصنوعی سرحدیں اور تفریق پیدا کرنے والی دیواریں، اقوام کی حقِ خود ارادیت کی خواہش کے سامنے زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتیں۔
اسلامی تعلیمات اور اقدار کے نقطۂ نظر سے آزادی اللہ کی عطا کردہ نعمت اور انسان کا فطری حق ہے، جس کا اس کی عزت و کرامت سے اٹوٹ رشتہ ہے۔ قرآنِ کریم غیر اللہ کی بندگی کی نفی اور استکبار کے مسلط کردہ بوجھ اور طوق و سلاسل سے انسان کی نجات پر زور دیتا ہے۔
نہج البلاغہ میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا مشہور قول ہے: «لَا تَكُنْ عَبْدَ غَيْرِكَ وَقَدْ جَعَلَكَ اللَّهُ حُرًّا»، یعنی "کسی اور کے غلام نہ بنو، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے تمہیں آزاد پیدا کیا ہے۔” یہ قول انسانی عظمت کے بلند ترین اصولوں میں سے ایک کو بیان کرتا ہے۔
یہ اخلاقی پیغام اور حریت کا درس انسانوں کو آمریت، دولت یا اقتدار کے سامنے جھکنے سے باز رکھتا ہے اور فکری و عملی آزادی اور خودمختاری کی بنیادی قدر پر زور دیتا ہے۔ اسی لیے اسلامی تہذیب میں ظلم و استبداد کے خلاف جدوجہد محض ایک شہری قدر ہی نہیں بلکہ شرعی اور اخلاقی فریضہ بھی ہے۔
آزادی کا حقیقی نفاذ اسی وقت ممکن ہے جب ساختیاتی امتیازات ختم کیے جائیں اور تمام انسانوں کے لیے سماجی مساوات کے مواقع فراہم ہوں۔ آج کی دنیا میں حقیقی آزادی کا تحفظ اسی صورت ممکن ہے جب اقتدار پر مسلسل نظر رکھی جائے، مظلوموں کی حمایت کی جائے اور میڈیا یا معیشت کی بنیاد پر استعمار اور آمریت کی نئی شکلوں کو پنپنے سے روکا جائے۔
عالمی یومِ آزادی جیسے ایام کو منانا اسی وقت بامعنی ہوگا جب دوہرے معیارات سے بالاتر ہو کر دنیا بھر کی مظلوم اور مقہور اقوام کی حمایت کی جائے اور عدل، آزادی اور انسانی وقار کی حکمرانی کی راہ ہموار ہو۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button