بنگلہ دیش
شیخ حسینہ کا دسمبر میں واپسی کا عزم
شیخ حسینہ کا دسمبر میں واپسی کا عزم
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عدالتی فیصلے اور گرفتاری کے خدشات کے باوجود دسمبر میں وطن واپس آنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عوام سے دور نہیں رہنا چاہتیں اور واپسی کا فیصلہ برقرار ہے۔ واضح رہے کہ اگست 2024ء میں عوامی تحریک کے نتیجے میں حکومت ختم ہونے کے بعد حسینہ ہندوستان چلی گئی تھیں۔ نومبر 2025ء میں بنگلہ دیش کے خصوصی ٹریبونل نے مظاہرین کے خلاف کارروائی سے متعلق مقدمے میں انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔ حسینہ نے الزامات اور فیصلے کو مسترد کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق 2024ء کی تحریک کے دوران تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بنگلہ دیش نے متعدد بار ہندوستان سے حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔




