بیتِ آیت اللہ العظمیٰ شیرازی میں شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجلسِ عزا کا آخری دن

شہرِ مقدس قم میں مرجعِ عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کے گھر پر ، شہادتِ جانسوز حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی غربت کے ایام کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ سوگواری کا آخری دن غم و ماتم میں ڈوبا رہا۔

اس مجلسِ عزا و ماتم میں حجج اسلام جناب رحمانی اور جناب یگانہ نے خطاب کیا اور حضرت صدیقہ طاہرہ زہرائے مرضیہ سلام اللہ علیہا کے مقام و معارف، اسماء و فضائل اور آپ کے خطبۂ غرّا کی تشریح بیان کی۔
علمائے اعلام، فضلا، حوزہ ہائے علمیہ کے طلاب، عزاداروں اور شیعیانِ آل اللہ کے ایک بڑے مجمع کے ساتھ ساتھ حرمِ کریمۂ اہلِ بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے زائرین بھی اس محفل میں شریک تھے۔ یہ مجلس مصائبِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اور آلِ اللہ کی غربت و مظلومیت کے ذکر اور امامِ زمانہ ارواحنا فداہ کے ظہور کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔




