نجف، کربلا اور عراق کے دیگر شہروں میں ایامِ فاطمیہ کے پُرشکوہ جلوسِ عزا

نجفِ اشرف، کربلائے معلیٰ اور عراق کے دیگر شہروں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یومِ شہادت پر مجالسِ عزا منعقد ہوئیں، جن میں مختلف طبقات کے عوام اور شیعہ مراجعِ کرام نے شرکت کی۔
اس جلوسِ عزا میں عزاداروں کا ایک عظیم سیلاب تھا، جو پیدل چل کر امیرالمومنین صلوات اللہ علیہ کے روضۂ مطہر پہنچا اور وہاں سوگواری کی۔
اس سلسلے میں ہمارے ساتھی نے ایک رپورٹ تیار کی ہے، آئیے ملاحظہ کرتے ہیں:
ایامِ فاطمیہ وہ ایام ہیں جن میں شیعہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے عزاداری کرتے ہیں۔
عراق کے شیعہ، بالخصوص کربلا اور نجف میں، ان ایام میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت پر سوگوار ہوتے ہیں۔
امسال بھی گزشتہ برسوں کی طرح، امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی بارگاہِ ملکوتی کے زائرین اور مجاورین نے یومِ شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر نجفِ اشرف میں عظیم جلوسِ عزا برپا کیا۔

اس جلوسِ عزا میں قبائل کی معروف شخصیات، ذمہ داران اور موکبوں و حسینی ہیئتوں کے نمائندے بھی شریک رہے۔
جلوسِ عزائے فاطمیہ اس سالانہ روایت کا حصہ ہے جو شہادتِ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی یاد میں امیرالمومنین علیہ السلام کے روضۂ مطہر کی جانب نکالی جاتی ہے۔
یہ عظیم اور متحد پیدل مارچ، فاطمیہ دوم کی مناسبت سے (ایک روایت کے مطابق ۷۵ دن)، شیعوں کے مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر نجفی کی موجودگی میں نکالا جا رہا ہے۔
اسی طرح کا پروگرام برسوں سے قم میں بھی شیعہ مراجعِ تقلید، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی اور مرحوم آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی کی موجودگی میں فاطمیہ سوم (ایک روایت کے مطابق ۹۵ دن) کے موقع پر منعقد ہوتا رہا ہے اور آج بھی جاری ہے۔

نجفِ اشرف کے علاوہ مقدس شہر کربلا اور سوق الشیوخ میں بھی صدیقۂ طاہرہ کے ایامِ شہادت کی مناسبت سے سیدۂ نسواںِ عالم کی شہادت پر پُرشکوہ پیدل جلوس نکالے گئے۔
ان دنوں حضرت سیدالشہداء اور حضرت ابوالفضل العباس سلام اللہ علیہما کے حرم ہائے مطہر میں عوام اور عزاداری کے موکبوں کی شرکت سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مجالسِ سوگ برپا ہیں۔
کاظمین اور سامرا میں ائمہ اطہار سلام اللہ علیہم کے حرم ہائے مطہر، اور عراق کے دیگر شہروں میں امام زادوں کے مزارات پر بھی ان دنوں حضرت صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی مجالسِ عزا کا انعقاد ہو رہا ہے۔




