
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل متاثر ہونے کے باعث رواں سال کے اختتام تک مزید 2 کروڑ 20 لاکھ افراد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہوسکتے ہیں، جن میں 53 فیصد خواتین اور لڑکیاں شامل ہوں گی۔
یو این ویمن کے تجزیہ کے مطابق 28 ممالک میں مزید 1 کروڑ 17 لاکھ خواتین و لڑکیاں غذائی عدم تحفظ سے متاثر ہوسکتی ہیں۔ جنوبی سوڈان، سوڈان، ہیٹی، یمن اور فلسطین کو نسبتاً زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ جنوبی سوڈان میں ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی خواتین کی تعداد ملک کی خواتین کی آبادی کے تقریباً 14 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ توانائی، کھاد اور نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ سے غذائی اشیا مہنگی ہورہی ہیں، جبکہ روزگار اور مالی وسائل تک محدود رسائی خواتین کی مشکلات میں مزید اضافہ کرسکتی ہے۔ یو این ویمن نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، نقد امداد، غذائیت، روزگار اور زرعی معاونت کی بروقت فراہمی پر زور دیا ہے۔




