افغانستان
امریکہ نے امریکن یونیورسٹی آف افغانستان کی فنڈنگ روک دی؛ طالبان دور میں خواتین کی آن لائن تعلیم کا آخری سہارا بند ہونے کے قریب

امریکی محکمہ خارجہ نے امریکن یونیورسٹی آف افغانستان کے لئے 25 ملین ڈالر کے بجٹ کی درخواست مسترد کر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس تعلیمی ادارے کے لئے تمام مالی امداد رواں سال کے آخر تک ختم کر دی جائے گی۔
اس فیصلے سے تقریباً ایک ہزار طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، جن میں 70 فیصد سے زائد خواتین ہیں اور 90 فیصد طلبہ افغانستان کے اندر سے آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ نے فنڈنگ روکنے کی وجہ گزشتہ برسوں میں بدانتظامی اور مالی بے ضابطگیوں کو قرار دیا ہے۔
تاہم یونیورسٹی کے سربراہ ڈیوڈ ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ تمام مالی خامیاں دور کر دی گئی ہیں، اور یہ ادارہ طالبان حکومت کی پابندیوں میں نئی نسل بالخصوص خواتین کے لئے اعلیٰ تعلیم کا آخری دروازہ ہے، جس کی بندش ان کی تعلیم کے لیے سنگین خطرہ بن جائے گی۔




