ظلم، غیبت اور بے حسی سے معاشرہ تباہ ہوتا ہے: آیۃ اللہ ریاض نجفی
ظلم، غیبت اور بے حسی سے معاشرہ تباہ ہوتا ہے: آیۃ اللہ ریاض نجفی
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیۃ اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبۂ جمعہ میں کہا کہ معاشرے کا ایک بڑا گناہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر سے غفلت ہے۔ انہوں نے غیبت سے اجتناب، حسنِ ظن، ماتحت افراد سے محبت و شفقت اور انہیں عزت دینے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیم انسان کی زندگی میں بہار لاتی ہے، اس لئے قرآن سے سیکھنا چاہیے کہ زندگی کیسے بسر کی جائے۔ لوگوں کے درمیان صلح کرانا بھی نہایت اہم عمل ہے۔ آیۃ اللہ نجفی نے ظلم کو خدا کے نزدیک بدترین اعمال میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم خواہ کسی دوسرے پر ہو، ماتحت پر ہو یا انسان اپنی ذات پر کرے، قابل مذمت ہے۔ انہوں نے امام علی علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں ظالم سے نفرت اور مظلوم کی مدد کرنے کی تاکید کی۔




