افغانستان کے صوبوں کابل اور بلخ میں مرجعیت شیعہ سے وابستہ مراکز کی وسیع سرگرمیاں

افغانستان میں مرجعیت شیعہ سے منسلک مراکز، جن میں مزار شریف میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے دفتر کی نمائندہ ہیئت اور کابل میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کمپلیکس شامل ہیں، نے گزشتہ دنوں کابل اور بلخ صوبوں میں فلاحی، مذہبی اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرگرمیاں انجام دیں۔
کابل شہر میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کمپلیکس نے نادار خاندانوں کی امداد کے پروگرام کے تحت ماہانہ امداد کی تقسیم کے ایک مرحلے میں 70 سے زائد یتیموں، شہداء کے اہل خانہ اور دیگر محروم خاندانوں میں نقد امداد تقسیم کی، جس کا مقصد ان خاندانوں کی معاشی مشکلات میں مدد کرنا تھا۔

اسی طرح صوبہ بلخ میں، مزار شریف میں دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے المصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ ثقافتی و خیراتی ادارہ کے تعاون سے مساجد کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اہم منصوبے مکمل کئے۔ اس سلسلے میں علی آباد کے علاقے میں مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، ضلع شولگرہ کے تاجداران علاقے میں مسجد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ اور ضلع شولگرہ کے ہی سرآسیاب علاقہ میں مسجد حضرت بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا میں پینے کے پانی کے کنوئیں کھود کر افتتاح کیا گیا،
مزید برآں مذہبی کارکنان کے ساتھ روابط کے سلسلے میں، مزار شریف میں دفتر مرجعیت کی نمائندہ ہیئت نے ضلع شولگرہ میں مسجد حضرت بی بی خدیجہ سلام اللہ علیہا اور مسجد حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ کے متولیان اور اراکین سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی دام ظلہ کے ارشادات و ہدایات پہنچائی گئیں اور مذہبی مراکز کے ساتھ باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔




