ملائیشیا میں "اوپن ڈور مساجد ڈے" کا انعقاد

پرامن بقائے باہمی اور اسلامی تہذیب کے تعارف کی کامیاب مثال
ملائیشیا میں ہر سال ستمبر میں منایا جانے والا "مساجد کے کھلے دروازوں کا دن” غلط فہمیوں کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسجد کے سماجی کردار کو اجاگر کرنے کی ایک عملی اور کامیاب مثال بن گیا ہے۔
اس ملک گیر مہم کے دوران مساجد ثقافتی، تعلیمی، کھیلوں اور بچوں کے خصوصی پروگراموں کے ذریعہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اپنے دروازے کھول دیتی ہیں، تاکہ وہ اسلام اور مسجد کو قریب سے دیکھ اور سمجھ سکیں۔
عربی جریدے "المجتمع” کے مطابق اس اقدام کا مقصد صدر اسلام سے لے کر آج تک مسجد کے اصل اور تاریخی کردار کو زندہ کرنا ہے، جس میں مسجد صرف عبادت کی جگہ نہیں بلکہ تربیت، سماجی اصلاح اور انسانوں کو جوڑنے کا مرکز رہی ہے۔
ملائیشیا کے اس ماڈل میں مساجد اپنے دینی و روحانی تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے کو متنوع سماجی اور ثقافتی خدمات فراہم کرتی ہیں، جس سے ان کی تہذیبی وسعت کا اندازہ ہوتا ہے۔
یہ علامتی دن درحقیقت سماجی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی اور پرامن ثقافت کو پیش کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔




