تیز پیدل چلنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو سکتا ہے: تحقیق
تیز پیدل چلنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو سکتا ہے: تحقیق
صحت مند رہنے کے لیے اکثر روزانہ 10 ہزار قدم چلنے پر زور دیا جاتا ہے، تاہم طبی ماہرین کی نئی تحقیق کے مطابق صرف قدموں کی تعداد نہیں بلکہ پیدل چلنے کی رفتار بھی اہم ہے۔
یونیورسٹی آف سڈنی کے محققین نے اپنی تحقیق میں کم از کم 80 قدم فی منٹ کی رفتار کو تیز چلنے کے طور پر بیان کیا ہے۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں 40 سے 69 برس کی عمر کے تقریباً 70 ہزار افراد کا 8 برس تک جائزہ لیا گیا۔
ماہرین نے اخذ کیا کہ جو افراد روزمرہ معمولات میں سست رفتاری کے بجائے تیز قدموں سے چلتے ہیں، ان میں کسی بھی بیماری کے باعث قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق تیز قدموں سے چلنے سے دل کی دھڑکن متوازن، بلڈ پریشر قابو میں اور شریانوں کی لچک برقرار رہتی ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔
تیز رفتاری سے چلنے سے جسم کا میٹابولک ریٹ بڑھتا ہے، انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے اور جسمانی چربی تیزی سے کم ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر طویل ورزش کے لیے وقت دستیاب نہ ہو تو روزانہ 15 سے 20 منٹ تیز رفتاری سے پیدل چلنا بھی عمر کو صحت مند اور طویل بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔




