ہندوستان

انسان کو چاپلوسوں کے بجائے ایسے مخلص افراد اپنے گرد رکھنے چاہئیں جو اس کی غلطیوں کی اصلاح کریں: مولانا سید احمد علی عابدی

خوجہ شیعہ اثنا عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطبۂ جمعہ میں انہوں نے ائمۂ معصومین علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں خدمتِ خلق، نیکیوں کو ریاکاری اور احسان جتانے سے محفوظ رکھنے، اچھی صحبت اختیار کرنے اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی زور دیا۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے کہا کہ انسان کی حقیقی شناخت اس کے اخلاق، کردار، فکر اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک سے ہوتی ہے۔ کسی ضرورت مند کی مدد کرنا نیکی ہے، لیکن اس نیکی کو لوگوں کے سامنے بیان کرکے اس کا احسان جتانا اجر کو ضائع کرسکتا ہے۔

انہوں نے مخلصانہ تنقید کو شخصیت سازی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو چاپلوسوں کے بجائے ایسے مخلص افراد اپنے گرد رکھنے چاہئیں جو اس کی غلطیوں کی اصلاح کریں۔

انہوں نے مذہبی مراکز کو سال بھر تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے لیے باقاعدہ اوقات مقرر کیے جائیں اور علاقے کے تعلیم یافتہ افراد نئی نسل کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے اہلِ علاقہ سے اپیل کی کہ عالمی سیاست پر غیر ضروری بحث میں وقت ضائع کرنے کے بجائے بچوں کی تعلیم و تربیت اور قوم کے مستقبل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے تعلیم یافتہ، بااخلاق اور دینی شعور رکھنے والی نئی نسل تیار کی جاسکتی ہے، جو مستقبل میں معاشرے اور مکتب کی مؤثر خدمت انجام دے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button