بلجیم کے صوبہ آنتورپ میں مسجد پر نفرت انگیز حملہ
بلجیم کے صوبہ آنتورپ میں مسجد پر نفرت انگیز حملہ
نازی علامات کی تصویر کشی، اسلاموفوبیا میں اضافہ پر انسانی حقوق کے اداروں کا انتباہ
شمالی بلجیم کے صوبہ آنتورپ کے شہر شل میں واقع مسجد توفیق کو نامعلوم افراد نے حملے اور بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔
بلجیم کے سرکاری نشریاتی ادارے VRT کے مطابق، حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر نازی علامات اور سواستیکا بنائے، دروازوں اور کھڑکیوں پر توہین آمیز پیغامات تحریر کئے اور مسجد کے داخلی دروازے کے سامنے فضلہ پھینکا۔ نمازِ جمعہ سے قبل پیش آنے والے اس واقعہ پر مسجد کے ذمہ داران اور نمازیوں میں شدید صدمہ اور غم و غصہ پایا گیا۔
خبر رساں ادارہ اناتولی کے مطابق، مقامی پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کے لیے وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دریں اثنا، بلجیم کی مسلم رائٹس آبزرویٹری نے اسلاموفوبیا کے اس واضح ترین مظہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ محض توڑ پھوڑ نہیں بلکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کی سنگین علامت ہے۔ ادارے نے قانونی کارروائی، ملزمان کے خلاف سخت اقدامات اور مسلم عبادت گاہوں کے اطراف سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔




