پاکستان

ہندوستان میں جشنِ میلاد الصادقین؛ لکھنؤ، دہلی، ممبئی سمیت مختلف شہروں میں محافل و جلوسِ مسرت

ہندوستان میں جشنِ میلاد الصادقین؛ لکھنؤ، دہلی، ممبئی سمیت مختلف شہروں میں محافل و جلوسِ مسرت

ولادتِ باسعادت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے 17 ربیع الاول 1448ھ کو ہندوستان بھر میں شیعہ مسلمانوں نے جشنِ میلاد الصادقین مذہبی عقیدت و احترام اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔

لکھنؤ میں جشنِ میلاد کے سلسلہ میں مختلف امام بارگاہوں، مذہبی مراکز اور دیگر مقامات پر محافل کا انعقاد کیا گیا۔ علماء و خطباء نے سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، فضائل و تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی و دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔

آصفی امام باڑہ میں گزشتہ برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے جشنِ صادقین کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد جلوسِ مدحِ صحابہ برآمد ہوا۔ اسی طرح شبیہِ روضۂ کاظمین سے جلوسِ محمدی بھی برآمد ہوا، جس میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

دہلی اور ممبئی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشنِ ولادت کی مناسبت سے محافلِ میلاد، نعت و منقبت، ذکرِ فضائل اور درود و سلام کی مجالس منعقد ہوئیں۔ مختلف مقامات پر امام بارگاہوں اور مذہبی مراکز کو چراغاں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا، جبکہ مومنین کی جانب سے شیرینی تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

محافل سے خطاب کرتے ہوئے علماء و خطباء نے سیرتِ نبویؐ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیماتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا، جبکہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی خدمات، فقہی بصیرت اور آپؑ کی قائم کردہ علمی و فکری میراث پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button