روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 39 فیصد تک کم، تحقیق
روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 39 فیصد تک کم، تحقیق
ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کی معمولی عادت دل کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے اور دل کی بیماری سے موت کے خطرے کو 39 فیصد تک کم کرسکتی ہے۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا کے محققین نے 9 مطالعات میں شامل 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔ نتائج کے مطابق باقاعدگی سے سیڑھیاں استعمال کرنے والوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 24 فیصد کم پایا گیا، جبکہ ایک بڑے تجزیے کے مطابق روزانہ تقریباً 6 منزلیں یا 60 سیڑھیاں چڑھنا دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی دھڑکن اور جسمانی سرگرمی میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے بلڈ پریشر اور دیگر قلبی خطرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس کے لئے سیڑھیاں چڑھنے کی مثالی مقدار طے کرنے کے لئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔




