لبنانی عیسائی دانشور اور شاعر کی امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی سیرت اور عدل پسندی کی اقدار سے گہری عقیدت

لبنان کے ممتاز عیسائی شاعر، ادیب اور سیاست دان ژوزف الہاشم نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی بے مثال شخصیت کے بلند مقام کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کے آزاد انسانوں کے پیشوا سے ان کی عقیدت مذہبی اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہے۔
خبر رساں نیٹ ورک "المیادین” کے مطابق، لبنان کے سابق مسیحی وزیر ژوزف الہاشم نے اپنی فکری اور ادبی زندگی کے پُربار سفر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام سرگرمیوں کی بنیادی اساس عدل و انصاف کے اصولوں سے وابستگی پر قائم ہے؛ وہ روشن اقدار جن کی جڑیں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت اور انسان ساز تعلیمات میں پیوست ہیں۔
اس ممتاز لبنانی شخصیت نے مزید کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ ان کا قلبی تعلق کسی مذہبی یا فرقہ وارانہ وابستگی کا نام نہیں، بلکہ حق، عدل و انصاف اور ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد جیسے بلند انسانی اصولوں کے ساتھ ایک گہرا انسانی رشتہ ہے۔
ژوزف الہاشم نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی سیرت کو تمام آزاد انسانوں کے لئے ایک ہمیشہ زندہ اور لازوال نمونہ قرار دیا، جو ہر معاشرے میں انسانی کرامت کے حصول اور حق و حقیقت سے وفاداری کی راہ دکھاتی ہے۔




