پاکستان بھر میں شہادتِ امام حسن عسکری علیہ السّلام پر عزاداری کا سلسلہ جاری

پاکستان بھر میں آج 8 ربیع الاول فرزندِ رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے مجالسِ عزا، نوحہ خوانی، ماتمداری اور پرسہ داری کے اجتماعات منعقد کئے جا رہے ہیں۔
کراچی میں مختلف امام بارگاہوں اور عزاداری مراکز میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں بھی مختلف علاقوں میں مجالس اور سوگواری کے پروگرام جاری ہیں۔ کوئٹہ میں امام بارگاہ حسینی ہزارہ، نچاری میں خواتین کی مجلسِ عزا سمیت دیگر مقامات پر مجلس اور جلوسِ شہادت کے پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی امام بارگاہوں اور مذہبی مراکز میں مجالس و ماتمداری کا اہتمام کیا گیا، جبکہ سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے بھی عزاداری کے اجتماعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

اس موقع پر علماء و خطباء امام حسن عسکری علیہ السّلام کی حیاتِ مبارکہ، علمی و اخلاقی تعلیمات، عباسی دور کی سختیوں اور آپؑ کی مظلومانہ شہادت کے واقعات بیان کر رہے ہیں۔
مختلف امام بارگاہوں، عزاداری تنظیموں اور مذہبی میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے مجالس کی فیس بک اور یوٹیوب پر براہِ راست و ریکارڈ شدہ کوریج بھی جاری ہے۔




