وضو کی سہولت فراہم کرنے پر ٹیکساس کے گورنر کا دو ہوائی اڈوں کی سرکاری امداد کا جائزہ لینے کا حکم، امریکہ میں سیاسی تنازع

امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ایک متنازع اقدام کرتے ہوئے دو بین الاقوامی ہوائی اڈوں، ڈلاس–فورٹ ورتھ اور جارج بش انٹرکانٹینینٹل ہیوسٹن کو دی جانے والی ریاستی مالی امداد کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
یہ فیصلہ ان ہوائی اڈوں کے حکام کی جانب سے وضو کی سہولت فراہم کرنے اور مسلمان مسافروں کے لئے عبادت کی ضروریات کو آسان بنانے کے اقدامات کے بعد سامنے آیا ہے۔
گورنر ایبٹ نے ان سہولیات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سرکاری مقامات کو کسی ایک مذہب کو دوسرے مذاہب پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔
خبر رساں ایجنسی الجزیرہ کے مطابق، ٹیکساس کے گورنر نے امریکی محکمۂ نقل و حمل اور وفاقی ہوابازی انتظامیہ سے ان دونوں ہوائی اڈوں کے بارے میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس اقدام کے نتیجہ میں ان ہوائی اڈوں کی سرکاری مالی امداد منسوخ ہونے کا بھی امکان پیدا ہوگیا ہے۔
سیاسی دباؤ کے بعد ڈلاس–فورٹ ورتھ ہوائی اڈے نے وضو خانہ تعمیر کرنے کا منصوبہ مکمل طور پر روک دیا ہے۔
ٹیکساس کے گورنر کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے دیگر بڑے ہوائی اڈوں پر مسلمان مسافروں کی صفائی اور سہولت کے لیے اس نوعیت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
اب عوامی مقامات پر مذہبی عبادات سے متعلق سہولیات کی فراہمی ریاستی حکومت اور وفاقی اداروں کے درمیان ایک قانونی اور سیاسی تنازع کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔




