شبِ چہلم لکھنو میں عزاداری اپنے عروج پر؛ مجالس، شب بیداریوں اور ماتمی جلوسوں میں ہزاروں عزاداروں کی شرکت

شب اربعینِ حسینی لکھنو میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں عزاداری انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ جاری رہی۔ شہر کے تاریخی امام باڑوں، امام بارگاہوں، حسینیہ جات، کربلاوں اور عزاخانوں میں شب بھر مجالسِ عزا، شب داریاں، مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی اور ماتمی اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کالا امام باڑہ پیر بخارا میں خواتین کا تاریخی عزائی پروگرام منعقد ہوا، جہاں مجلسِ عزا برپا ہوئی، تبرکات تقسیم کئے گئے اور مقدس شعائر کی زیارت کرائی گئی۔ اسی طرح امام باڑہ قصرِ جنت (جنت کی کھڑکی)، امام باڑہ غفران مآب، درگاہ حضرت عباس علیہ السلام، شبیہِ روضۂ کاظمین، کربلا تال کٹورا، شہر کی مختلف کربلاوں، امام باڑوں، مساجد اور مومنین کے گھروں میں بھی مجالسِ عزا اور شب داریاں منعقد ہوئیں۔

مجالسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اور ذاکرین نے واقعۂ کربلا، فلسفۂ اربعین، حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے صبر و استقامت نیز حق، عدل اور آزادی کے پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مرثیہ خوانوں اور نوحہ خواں حضرات نے اپنے پرسوز کلام سے سوگواروں کو اشک بار کر دیا، جبکہ مختلف ماتمی انجمنوں کی جانب سے سینہ زنی اور زنجیر زنی کے منظم پروگرام رات گئے تک جاری رہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں عزاداری انجمنوں نے روایتی انداز میں ماتمی جلوس بھی برآمد کئے۔ جلوسوں کے راستوں پر سبیلوں، نیاز، طبی امداد اور دیگر رفاہی خدمات کا وسیع انتظام کیا گیا، جبکہ متعدد مقامات پر شب بھر شب داریاں جاری رہیں، جہاں عزادار ذکرِ مصائبِ اہلِ بیت علیہم السلام، دعا اور عبادت میں مشغول رہے۔
شبِ چہلم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ اہم مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات رہی، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی منصوبہ نافذ کیا گیا۔ مجموعی طور پر تمام عزاداری پروگرام انتہائی پرامن، منظم اور روحانی ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔
لکھنو، جو اپنی قدیم، منفرد اور باوقار عزاداری کی روایات کے باعث عالمِ تشیع میں ممتاز مقام رکھتا ہے، نے شبِ چہلم کے موقع پر ایک بار پھر اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے اپنی گہری عقیدت، محبت اور وفاداری کا عملی مظاہرہ کیا۔ شہر کی مذہبی فضا رات گئے تک سوگِ امام حسین علیہ السلام میں ڈوبی رہی اور ہر طرف ذکرِ شہدائے کربلا کی صدائیں گونجتی رہیں۔
آج بروز چہلم لکھنو کا تاریخی اور روایتی جلوسِ چہلم امام باڑہ ناظم صاحب سے برآمد ہوگا، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا تال کٹورا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر ہزاروں عزاداروں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ جلوس کے پرامن انعقاد کے لئے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔




