امامت اسلام کا بنیادی عقیدہ، اربعین حسینی عالمِ اسلام کے اتحاد کی عظیم علامت ہے: علامہ شبیر حسن میثمی
امامت اسلام کا بنیادی عقیدہ، اربعین حسینی عالمِ اسلام کے اتحاد کی عظیم علامت ہے: علامہ شبیر حسن میثمی
کراچی: مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ امامت دینِ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے اور قرآن و سنت کی حقیقی تفسیر صرف اہل بیت علیہم السلام کے ذریعہ ممکن ہے۔
انہوں نے امام رضا علیہ السلام کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے سخت ترین حالات میں بھی حق و عدالت کا پرچم بلند رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی دنیا کا سب سے بڑا روحانی اور انسانی اجتماع ہے، جو محبتِ امام حسین علیہ السلام، مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی عالمگیر مقبولیت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کا روشن مظہر ہے۔
علامہ میثمی نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ عزاداری، مجالس اور اربعین واک میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کیا جائے، جبکہ عزاداروں پر بھی زور دیا کہ وہ مجالس، جلوسوں اور سبیلوں کے دوران صفائی، نظم و ضبط اور شہری ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کریں۔
خطبۂ ثانی میں علامہ میثمی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد، دہشت گردی کے خاتمے، عراق اور خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد و بصیرت، ملک میں امن و امان، معاشی استحکام اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
انہوں نے کراچی میں ایک بے گناہ نوجوان کے قتل کی شفاف تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کو فوری قانون کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔




