عراق

بصرہ میں روضہ امام حسین علیہ السلام کا جامع طبی مرکز قائم

اربعین کی عظیم الشان زیارت کی تیاریوں کے سلسلے میں روضہ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ صحت و علاج نے صوبہ بصرہ میں ایک جامع اور ہنگامی طبی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مرکز ان زائرین کو مفت اور معیاری طبی و علاجی خدمات فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے، جو عراق کے جنوبی ترین علاقہ سے کربلائے معلیٰ کی جانب اپنے پیدل سفر کا آغاز کرتے ہیں۔

روضہ امام حسین علیہ السلام کے اطلاع رسانی مرکز کے مطابق، اس طبی مرکز کو زمینی جائزے اور مناسب مقام کے انتخاب کے بعد قائم کیا گیا ہے، تاکہ ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

اس مرکز کو جدید طبی آلات، ضروری ادویات، ماہر ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ نرسنگ عملے سے آراستہ کیا گیا ہے، اور یہ چوبیس گھنٹے زائرین کی خدمت کے لئے فعال رہے گا۔

روضہ امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ صحت و علاج کے ذمہ داران کے مطابق، مختلف عراقی صوبوں میں ایسے طبی مراکز کے قیام کا مقصد لاکھوں زائرینِ امام حسین علیہ السلام کے لئے ایک محفوظ، صحت مند اور پُرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button