عراق

اربعین کے زائرین کی طبی خدمت کے لئے نجف تا کربلا 60 طبی مراکز قائم، 2500 سے زائد رضاکار طبی عملہ تعینات

اربعین کے زائرین کی طبی خدمت کے لئے نجف تا کربلا 60 طبی مراکز قائم، 2500 سے زائد رضاکار طبی عملہ تعینات

اربعینِ حسینی کے عظیم الشان پیدل سفر میں لاکھوں زائرین کی آمد کے ساتھ ہی نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ تک 80 کلومیٹر طویل راستے پر طبی و امدادی خدمات کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کر دیا گیا ہے۔

2500 سے زائد رضاکار ڈاکٹر، نرسیں اور امدادی کارکن چوبیس گھنٹے فعال طبی مراکز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں زائرین کی صحت کی دیکھ بھال، ابتدائی طبی امداد اور ضرورت مند مریضوں کو اسپتالوں تک منتقل کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

اربعینِ حسینی کی پیادہ روی، جو دنیا کے سب سے بڑے روحانی اجتماعات میں شمار ہوتی ہے، زائرین کو جامع سہولیات فراہم کرنے اور مؤثر انتظامات کی متقاضی ہے۔

اسی مقصد کے تحت نجف اشرف سے کربلائے معلیٰ جانے والے راستوں پر صحت و علاج سے متعلق خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ پیدل زائرین کو فوری طبی امداد اور ہنگامی علاج بروقت فراہم کیا جا سکے۔

شفق نیوز کے مطابق، محکمۂ صحت نجف نے عوامی رضاکار تنظیموں کے تعاون سے زائرین کی آمد و رفت کے مرکزی راستوں پر 60 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔

محکمۂ صحت نجف کے رضاکارانہ خدمات کے شعبہ کے ذمہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ ان میں سے 20 مراکز محکمۂ صحت کے مستقل عملے کے زیر انتظام ہیں، جبکہ 40 مراکز عوامی رضاکار ٹیمیں چلا رہی ہیں۔

یہ طبی مراکز المشخاب، المناذرہ، کوفہ اور ثورۃ العشرین روڈ سے خان النص تک کے مصروف راستوں پر قائم کئے گئے ہیں، جہاں گرمی سے متاثرہ افراد، کم بلڈ پریشر، شوگر کے مریضوں، شدید تھکن اور پاؤں کے زخموں سمیت مختلف طبی مسائل کا فوری علاج کیا جا رہا ہے۔

سرکاری طبی عملے کے ساتھ ساتھ رضاکار ماہرین بھی اس طبی خدمت کا اہم حصہ ہیں۔

شفق نیوز کے مطابق صرف ایک رضاکار گروپ میں 220 سے زائد ڈاکٹر، فارماسسٹ اور میڈیکل سائنسز کے فارغ التحصیل افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کی بعض طبی چوکیوں میں خواتین کے لئے خصوصی طبی سہولتیں اور ہنگامی مریضوں کے لئے الگ انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

ان مراکز میں تعینات ڈاکٹر اور طبی عملہ ابتدائی علاج، زخموں کی مرہم پٹی اور ضروری ادویات فراہم کرتے ہیں، جبکہ زیادہ پیچیدہ علاج کی ضرورت پیش آنے پر مریضوں کو موقع پر موجود ایمبولینسوں کے ذریعے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

طبی خدمات کے ساتھ ساتھ زائرین میں صحت سے متعلق آگاہی بھی پیدا کی جا رہی ہے۔

رضاکار ٹیمیں تعلیمی بروشر تقسیم کر رہی ہیں، زائرین کی رہنمائی کر رہی ہیں اور بزرگوں و بچوں کو خصوصی معاونت فراہم کر رہی ہیں تاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضۂ مبارک کی جانب سفر کرنے والے زائرین ایک محفوظ، پُرسکون اور صحت مند زیارت انجام دے سکیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button