
عراق کے صوبہ ذی قار کا شہر سوق الشیوخ گزشتہ تقریباً ایک ہفتہ سے شب و روز زائرینِ اربعین کی خدمت میں مصروف ہے۔ اس شہر کے باشندے بلا توقف اُن زائرین کی میزبانی کر رہے ہیں جو عراق کے انتہائی جنوبی علاقوں، خصوصاً رأس البیشہ سے پیدل مقدس شہر کربلا کی جانب رواں دواں ہیں۔
شیعہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حسینی موکب زائرین کے لئے کھانے، پینے کے پانی، آرام گاہوں اور پُرخلوص استقبال کا بہترین انتظام کر رہے ہیں، تاکہ زائرین کو سفر کے دوران ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔
شدید گرمی کے باوجود اہلِ علاقہ کے جذبۂ خدمت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
مقامی لوگ زائرانِ امام حسین علیہ السلام کی خدمت کو اپنے لئے ایک مقدس فریضہ اور عظیم سعادت سمجھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، مختلف عمر کے افراد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی مجالسِ عزا میں شرکت کے بعد دوبارہ اپنے سفر پر روانہ ہو کر مقدس شہر کربلا کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
ادھر امام حسین علیہ السلام میڈیا نیٹ ورک بھی اس عظیم الشان اور میلیونی روحانی سفر کی سرگرمیوں کو وسیع پیمانے پر نشر و اشاعت کے ذریعہ دنیا بھر تک پہنچا رہا ہے۔




