پاکستانخبریں

کراچی یونیورسٹی میں ’’یومِ امام حسین علیہ السلام‘‘ سیمینار کا انعقاد، علمی و مذہبی شخصیات کی بھرپور شرکت

پاکستان کی کراچی یونیورسٹی میں سالانہ ’’یومِ امام حسین علیہ السلام‘‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد معارفِ حسینیؑ کو فروغ دینا اور نوجوان نسل میں دینی شعور و آگہی کو بیدار کرنا تھا۔

روزنامہ سرافراز کے مطابق، اس سیمینار کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ISO) نے کیا، جس میں اساتذہ، محققین، مختلف مکاتبِ فکر کے علماء، سماجی کارکنوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کی علمی و فکری نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نہضتِ عاشورا کے انسانی، اخلاقی اور فکری پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا قیام محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ظلم و استبداد کے خلاف استقامت، انسانی وقار کے تحفظ اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کا ایک ابدی اور عالمگیر نمونہ ہے۔

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشی اربعین اور زیارتِ اربعین عصرِ حاضر میں پیغامِ عاشورا کا زندہ تسلسل ہیں۔ ان کے مطابق یہ عظیم روحانی و انسانی اجتماع ایثار، اخوت، باہمی ہمدردی اور حضرت سیدالشہداء علیہ السلام کے آفاقی مشن سے تجدیدِ عہد کی روشن علامت ہے، جو ظلم کے خلاف استقامت اور انسانی کرامت کے تحفظ کا عملی پیغام دیتا ہے۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس نوعیت کی علمی، فکری اور ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا اور عالمِ اسلام کے امن، اتحاد، استحکام اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button