اربعین کی پیدل زیارت کے دوران بہترین عمل واجبات پر عمل اور محرمات سے اجتناب ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
اربعین کی پیدل زیارت کے دوران بہترین عمل واجبات پر عمل اور محرمات سے اجتناب ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست منگل، 29 محرم الحرام 1448ھ کو منعقد ہوئی، جس میں حسبِ معمول آپ نے حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے۔
اربعین کی پیدل زیارت کے دوران بہترین اعمال کے بارے میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: "اربعین کی پیدل زیارت کے ایام میں سب سے بہترین عمل واجبات کی پابندی اور محرمات سے اجتناب ہے، اور واجبات میں سے ایک اہم فریضہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے۔”
معظم لہ نے مزید فرمایا: امر بالمعروف اور نہی عن المنکر واجبِ کفائی ہے، لیکن اگر اس فریضے کی ادائیگی کے لیے مطلوبہ تعداد میں افراد موجود نہ ہوں تو یہ واجبِ عینی بن جاتا ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اربعین کی پیدل زیارت میں شرکت کرنے والے بہت سے زائرین اپنے شرعی مسائل سے مکمل آگاہی نہیں رکھتے، جبکہ ان کی دینی رہنمائی اور شرعی احکام سے آگاہ کرنے کے لئے بھی بقدرِ کفایت افراد موجود نہیں ہوتے۔ ایسی صورت میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا واجبِ کفائی، واجبِ عینی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
آخر میں آپ نے فرمایا: "لہٰذا اربعین کی پیدل زیارت کے ایام میں بہترین عمل یہ ہے کہ انسان جس حد تک شرعی مسائل سے آگاہ ہو، انہیں دوسروں تک پہنچائے اور ان کی دینی رہنمائی کرے۔”




