توحید، نبوت اور معاد کا انکار ارتداد کا موجب ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست اتوار، 26 محرم الحرام 1448ھ کو منعقد ہوئی، جس میں حسبِ معمول آپ نے شرکائے نشست کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے۔
ایک سوال کے جواب میں، جس میں حاکمِ شرع یا مراجعِ تقلید کو دشنام دینے کے شرعی حکم کے بارے میں دریافت کیا گیا تھا، آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: کسی بھی مؤمن، بلکہ ایک عام انسان کو بھی گالی دینا حرام ہے، تاہم یہ عمل ارتداد کا موجب نہیں بنتا۔
ارتداد کے اسباب کے حوالے سے آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: توحید، نبوت اور معاد کا انکار ارتداد کا موجب ہے۔ لہٰذا اگر کسی شخص کا قول یا عمل ان تین بنیادی عقائد میں سے کسی ایک کے انکار پر دلالت کرے تو وہ شرعاً مرتد شمار ہوگا۔
آپ نے مزید واضح فرمایا: امامت اور عدل اگرچہ اصولِ دین میں شامل ہیں، لیکن ان کا انکار ارتداد کا موجب نہیں بنتا۔




