
لاہور میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد تندور مالکان نے روٹی اور نان کے نرخ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق 20 کلو آٹے کی قیمت 2400 روپے اور میدے کی قیمت میں اضافے کے باعث سادہ روٹی 25 روپے جبکہ نان 35 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ مہنگے آٹے، ایل پی جی اور دیگر اخراجات کے باعث سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں، بصورت دیگر احتجاجاً تندور بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے یکطرفہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ادھر کراچی کے بعض علاقوں میں بھی روٹی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔




