پاکستان

امام زین العابدین علیہ السلام کی شبِ شہادت؛ ہندوستان بھر میں مجالسِ عزا، شبیۂ علم و تابوت کی برآمدگیاں

امام زین العابدین علیہ السلام کی شبِ شہادت؛ ہندوستان بھر میں مجالسِ عزا، شبیۂ علم و تابوت کی برآمدگیاں

حضرت امام زین العابدین، امام سجاد علیہ السلام کی شبِ شہادت کے موقع پر ہندوستان بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ مجالسِ عزا اور مراسمِ سوگواری منعقد کئے گئے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں عزاداروں نے مجالس میں شرکت کی، نوحہ و ماتم کیا اور شبیۂ علم و تابوت کی برآمدگی و زیارت کے ذریعے فرزندِ رسولؐ کو پرسہ پیش کیا۔

ملک کے دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی، حیدرآباد، چنئی اور شہرِ عزا لکھنو سمیت چھوٹے بڑے شیعہ نشین شہروں اور دیہاتوں میں امام بارگاہوں، مساجد اور مومنین کے گھروں پر مجالسِ عزا منعقد ہوئیں۔ علمائے کرام اور ذاکرین نے حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ، واقعۂ کربلا کے بعد دینِ اسلام کی بقا کے لئے آپؑ کی عظیم خدمات اور پیغامِ عاشورا کی حفاظت میں آپؑ کے بے مثال کردار کو اجاگر کیا۔

شہرِ عزا لکھنو میں حسینیہ قصرِ جنت (جنت کی کھڑکی) میں منعقدہ مجلسِ عزا سے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر شبیۂ علم اور شبیۂ تابوت کی زیارت کرائی گئی، جس میں بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔

اسی طرح درگاہ حضرت عباس علیہ السلام میں منعقدہ مجلس سے مولانا فیض عباس مشہدی نے خطاب کیا، جبکہ تاریخی بڑا امام باڑہ میں منعقدہ مجلسِ عزا سے مولانا سید کلب احمد نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام سجادؑ کی علمی، عبادی، اخلاقی اور انقلابی شخصیت پر روشنی ڈالی۔

اس کے علاوہ شہر کی دیگر امام بارگاہوں، مساجد اور مومنین کے گھروں میں بھی شبِ شہادت کی مناسبت سے مجالسِ عزا منعقد ہوئیں، جہاں عزاداروں نے نوحہ خوانی، سینہ زنی اور ماتم داری کے ذریعے اپنے غم و عقیدت کا اظہار کیا۔

خواتین کی مجالسِ عزا کا سلسلہ بھی رات گئے تک جاری رہا۔ مومنات نے گھروں اور مختلف امام بارگاہوں میں منعقدہ مجالس میں شرکت کی، مصائبِ اہلِ بیت علیہم السلام بیان کیے گئے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button