امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت آج کی یزیدیت کے خلاف سب سے بڑا اسلحہ ہے: علامہ سید ساجد علی نقوی
امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت آج کی یزیدیت کے خلاف سب سے بڑا اسلحہ ہے: علامہ سید ساجد علی نقوی
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 25 محرم الحرام، یومِ شہادت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام سجاد علیہ السلام واقعہ کربلا کے عینی شاہد تھے۔ آپؑ نے اپنے خطبات، تبلیغ اور صحیفہ سجادیہ کی دعاؤں کے ذریعے کربلا کے حقیقی پیغام کو زندہ رکھا، باطل پروپیگنڈے کو ناکام بنایا اور یزیدیت کے چہرے سے نقاب اتار کر حسینیت کے حقیقی خدوخال کو واضح کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام نے ولادت سے شہادت تک صبر آزما مراحل میں صبر و استقامت کی وہ مثال قائم کی جو تا قیامت انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔
قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا کہ امام سجاد علیہ السلام کی زہد، تقویٰ اور تزکیہ نفس کی تعلیمات کا سب سے بڑا مظہر صحیفہ سجادیہ ہے۔ اس میں موجود دعائیں انسان کو خدا سے براہِ راست تعلق، خودسازی اور اخلاقی ارتقاء کا راستہ دکھاتی ہیں۔ اگر آج ان تعلیمات سے استفادہ کیا جائے تو فرد اور معاشرہ دونوں کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔
علامہ ساجد نقوی نے امام سجاد علیہ السلام کی مناجات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بارگاہِ الٰہی میں دو قطرے سب سے محبوب ہیں: ایک راہِ خدا میں شہید کے خون کا قطرہ اور دوسرا خوفِ خدا سے رات کی تاریکی میں بہنے والا آنسو۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آج انسانیت ایک بار پھر یزیدی قوتوں کے محاصرے میں ہے جو عالمِ اسلام کی دینی، ثقافتی اور تہذیبی شناخت کے ساتھ اس کی آزادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ایسے نازک دور میں امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت سے رہنمائی لے کر ہر دور کی نئی یزیدیت کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




