عالمی فلاحی تنظیم "حسین کون ہیں؟” کی کراچی میں ایامِ محرم کے موقع پر شجرکاری مہم
عالمی فلاحی تنظیم "حسین کون ہیں؟” کی کراچی میں ایامِ محرم کے موقع پر شجرکاری مہم
ایامِ عزا محرم الحرام کے موقع پر پاکستان میں عالمی فلاحی تنظیم "حسین کون ہیں؟” (Who is Hussain) کی نمائندگی نے کراچی میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے ایک شجرکاری منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ اقدام ماحولیات کے تحفظ کی ثقافت کو فروغ دینے اور حضرت سید الشہداء علیہ السلام کی عظیم انسانی و خیراتی تحریک سے الہام لے کر کیا گیا ہے۔
اس غیر سرکاری تنظیم کے رضاکاروں نے کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں "امام حسین علیہ السلام کے نام ایک درخت” کے عنوان سے اسٹال لگا کر سینکڑوں پودے طلبہ اور شہریوں میں تقسیم کئے۔
اس پروگرام میں علماء، خطباء اور ذاکرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں سماجی خدمات، فلاحِ عامہ اور امام حسین علیہ السلام کے انسانیت دوست پیغام کو عام کرنے کے باہمی ربط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
عالمی فلاحی تنظیم "حسین کون ہیں؟” کے اس مہم کے منتظمین کا کہنا تھا کہ شجرکاری درحقیقت امام حسین علیہ السلام کے حیات کے تحفظ اور انسانیت کی خدمت کے مشن کا تسلسل ہے۔
یہ منصوبہ تنظیم کی عالمی سرگرمیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد عملی اور فلاحی کاموں کے ذریعہ فکرِ حسینی کا تعارف کرانا ہے، جو دنیا بھر میں معاشرے اور انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔




