یورپ میں غیر معمولی گرمی کی لہر، ترکی کے کولنگ آلات کی برآمدات نے ریکارڈ قائم کر دیا؛ فرانس اور جرمنی کے خریداروں کا ترکی کا رخ
یورپ میں غیر معمولی گرمی کی لہر، ترکی کے کولنگ آلات کی برآمدات نے ریکارڈ قائم کر دیا؛ فرانس اور جرمنی کے خریداروں کا ترکی کا رخ
یورپ میں شدید اور بے مثال گرمی کی لہر نے کولنگ آلات کی روایتی منڈیوں کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔
جن ممالک میں اس سے پہلے اس قدر شدید گرمی کا تصور بھی نہیں تھا، وہاں اچانک درجۂ حرارت میں اضافے کے باعث ایئر کنڈیشنرز اور پنکھوں کے گودام تیزی سے خالی ہوگئے۔
اس صورتحال نے خصوصاً جرمنی اور فرانس کے تاجروں کو فوری طور پر ایئر کنڈیشننگ سسٹمز کی فراہمی کے لئے ترکی کے کارخانوں اور صنعت کاروں سے رجوع کرنے پر مجبور کر دیا۔
جغرافیائی قربت اور مضبوط لاجسٹک صلاحیت کی بدولت ترکی اس بحران میں یورپی ممالک کے لیے ایک اہم سہارا بن کر ابھرا ہے۔
"خبر رساں ایجنسی اناطولی” کے مطابق اس وقت طلب دسیوں ہزار یونٹس تک پہنچ چکی ہے اور تیزی سے ایک لاکھ گھریلو اور صنعتی ایئر کنڈیشنرز کی حد کے قریب پہنچ رہی ہے۔
ترکی کی صنعت سے وابستہ ذمہ داران کا کہنا ہے کہ انہیں یورپی شراکت داروں کی جانب سے مسلسل ایسے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں کہا جا رہا ہے: "آپ کے پاس جتنا بھی اسٹاک موجود ہے، فوراً روانہ کر دیں۔”
یہ غیر معمولی اضافہ صرف گھریلو استعمال تک محدود نہیں بلکہ یورپ کے اسپتالوں، طبی مراکز اور ڈیٹا سینٹرز کی ضروریات کو بھی شامل ہے۔
اسی کے نتیجے میں ترکی کی ایئر کنڈیشننگ صنعت کی سالانہ برآمدات کا حجم ریکارڈ 7.4 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔
یہ صورتحال اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) مشرقِ وسطیٰ اور یورپ میں تجارت، برآمدات اور صنعتی جغرافیہ کو بنیادی طور پر تبدیل کر رہی ہے۔




