ہندوستان

ہندوستان:خصوصی ووٹر فہرست نظرِ ثانی پر شہریت سے متعلق خدشات، مولانا ارشد مدنی کا اظہارِ تشویش

ہندوستان:خصوصی ووٹر فہرست نظرِ ثانی پر شہریت سے متعلق خدشات، مولانا ارشد مدنی کا اظہارِ تشویش

نئی دہلی: جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ووٹر فہرست کی خصوصی گہری نظرِ ثانی (SIR) کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ محض ایک انتخابی کارروائی نہیں بلکہ شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق سے بھی جڑا ہوا ہے۔

مولانا مدنی نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ عمل کہیں این آر سی (NRC) کی نئی شکل تو نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر حقِ رائے دہی کو سرکاری صوابدید سے مشروط کر دیا گیا تو یہ جمہوری نظام کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہوگا۔ انہوں نے مغربی بنگال میں لاکھوں ووٹروں کو مشتبہ قرار دیے جانے کے دعووں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پورے عمل کی شفافیت اور غیر جانب داری پر سوالات جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ذمہ داری آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، نہ کہ شہریوں کی شہریت کا تعین کرنا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں اور کسی بھی فارم کو پُر کرتے وقت پوری احتیاط سے کام لیں۔

جمعیۃ علمائے ہند نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں اپنے کارکنوں اور قانونی ماہرین کے ذریعے متاثرہ افراد کو ہر ممکن قانونی اور عملی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مولانا مدنی نے کہا، "جمہوریت کی مضبوطی اسی میں ہے کہ ہر شہری کا حقِ رائے دہی محفوظ رہے اور کسی کو بار بار اپنی شہریت ثابت کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔”

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button