
ماہِ محرم الحرام کی آٹھویں شب کے موقع پر کینیڈا کے شہر مونٹریال میں واقع ایرانیان اسلامک سینٹر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق اس روحانی و معنوی پروگرام کا آغاز زیارتِ عاشورا کی تلاوت اور نمازِ مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔
اس کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ صالح سیبویہ نے خطاب کرتے ہوئے فلسفۂ قیامِ امام حسین علیہ السلام، پیغامِ کربلا اور اہلِ بیت علیہم السلام کے مصائب پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے واقعۂ کربلا کے دردناک واقعات بیان کرتے ہوئے مقتل خوانی بھی کی، جس سے حاضرین پر رقت طاری ہوگئی۔
بعدہ میرزا احمد سیبویہ اور سید طہ موسوی نے نوحہ و مرثیہ خوانی کی، جبکہ عزادارانِ امام حسین علیہ السلام نے پرسوز نوحوں کی صداؤں میں سینہ زنی کر کے حضرت سید الشہداء علیہ السلام اور شہدائے کربلا علیہم السلام سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
مجلسِ عزا کے اختتام پر سوگوارانِ امام حسین علیہ السلام کی خدمت میں نیازِ شام پیش کی گئی اور شرکائے مجلس کی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
محرم الحرام کی مناسبت سے منعقد ہونے والی اس مجلس میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اہلِ بیت علیہم السلام کے غم میں شریک ہو کر شعائرِ حسینی کی تجدیدِ عہد کی۔




