ہندوستان بھر میں 8 محرم کو حضرت عباس علیہ السلام کی یاد میں مجالس و جلوس برآمد
ہندوستان بھر میں 8 محرم کو حضرت عباس علیہ السلام کی یاد میں مجالس و جلوس برآمد
پورے ہندوستان میں 8 محرم الحرام حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی یاد اور ان کے غم میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ملک کی قدیم عزاداری روایات کے مطابق اس دن کو علمدارِ کربلا حضرت عباس علیہ السلام سے منسوب کیا جاتا ہے۔ چنانچہ دہلی، لکھنؤ، ممبئی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں مجالسِ عزا، جلوسوں اور نوحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔
علماء و خطباء نے حضرت عباس علیہ السلام کے فضائل، وفاداری، شجاعت اور ایثار پر روشنی ڈالی، جبکہ سوز خوانوں، مرثیہ خوانوں اور نوحہ خوانوں نے منظوم انداز میں ان کے فضائل و مصائب بیان کرکے حاضرین کو اشکبار کر دیا۔
لکھنؤ میں قدیمی جلوسِ علم فاتح فرات حسبِ روایت دریا والی مسجد سے برآمد ہوا اور حسینیہ غفران مآب میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس سے قبل مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جبکہ علمِ مبارک صبح ہی سے سجا دیا گیا تھا، جس کی زیارت کے لئے دن بھر مومنین و مومنات کی بڑی تعداد دریا والی مسجد میں حاضر رہی۔
اسی طرح ممبئی کے علاقے باندرہ میں بھی قدیمی دریا والا علم کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس سے قبل منعقدہ مجلسِ عزا سے آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا یعسوب عباس نے خطاب کرتے ہوئے حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی عظیم قربانیوں، وفاداری اور سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔



