زیارت عاشورا اور اربعینِ حسینی کے لئے اہم ہدایات جاری

عراق کی اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی برائے میلیونی زیارات نے ایک خصوصی اجلاس میں، جس کی صدارت مشترکہ آپریشنز کے نائب کمانڈر قیس المحمداوی نے کی، عاشورا اور اربعینِ حسینی کے مراسم کے دوران زائرین کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے اہم سیکیورٹی ہدایات جاری کیں۔
عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی (واع) کے مطابق، اجلاس میں انٹیلی جنس اور سیکیورٹی اداروں کے علاوہ الحشد الشعبی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قیس المحمداوی نے انٹیلی جنس اقدامات کو مزید مؤثر اور جامع بنانے، زائرین کے راستوں اور شہروں میں غیر ضروری عسکری مظاہر سے اجتناب کرنے، اور اہم شاہراہوں و مواصلاتی راستوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خلا کو بروقت پُر کیا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ پارکنگ مقامات، حسینی مواکب اور دیگر ہجوم والے علاقوں میں تلاشی اور نگرانی کے منصوبوں کو انتہائی مستعدی اور چوکسی کے ساتھ نافذ کیا جائے۔
اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ نے مختلف اداروں کی تفصیلی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے اور ملکی و غیر ملکی زائرین کو بہترین حفاظتی، انتظامی اور رفاہی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر قیس المحمداوی نے عاشورا اور اربعینِ حسینی کے موقع پر خدمات انجام دینے والے تمام سیکیورٹی اداروں، انٹیلی جنس یونٹس اور متعلقہ عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ زائرین کی سلامتی اور سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




