شام کے صوبہ رقہ میں خودکش دہشت گرد حملہ، دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق، متعدد زخمی

شام کے شمالی صوبہ رقہ میں ایک فوجی مرکز کو خودکش دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
شام کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نور الدین البابا نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ رقہ میں وزارتِ داخلہ کے زیرِ نگرانی ایک کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں دو فوجی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
ایک سیکیورٹی ذریعہ نے سرکاری شامی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے واقعہ کی مزید تفصیلات بیان کیں۔ ان کے مطابق یہ کارروائی دو حملہ آوروں نے انجام دی۔ داخلی سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک دہشت گرد کو حملہ مؤثر انداز میں انجام دینے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا، تاہم دوسرا حملہ آور سیکیورٹی فورسز کے مکمل محاصرے میں آنے کے بعد اپنی خودکش جیکٹ دھماکے سے اڑا دینے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعہ کے بعد علاقہ کی سیکیورٹی صورتحال دفاعی اور حفاظتی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پورے صوبہ رقہ میں تلاشی کی کارروائیوں اور حفاظتی اقدامات میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔




