عراق
شہرِ مقدس کاظمین میں موکبِ حضرت رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ کی محرم الحرام 1448ھ کی مذہبی سرگرمیوں کے لئے تیاریاں

خاندانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ کے غم و اندوہ کے مہینہ، محرم الحرام 1448ھ، کی آمد کے ساتھ ہی شہرِ مقدس کاظمین میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی سے وابستہ موکب حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے ماہِ محرم کی عزاداری اور مذہبی سرگرمیوں کے لئے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
اسی سلسلہ میں موکب کے خدام نے عزائی خیمہ نصب کر دیا ہے اور حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کے عزاداروں کے استقبال اور ان کی خدمت و ضیافت کے لئے مناسب انتظامات مکمل کرنے کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ مجالس اور مراسمِ عزا نہایت شایانِ شان انداز میں منعقد کئے جا سکیں۔
موکبِ حضرت رسولِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ کے ذمہ داران کے مطابق یہ اقدامات عزادارانِ حسینی کی خدمت اور ایامِ محرم الحرام میں شعائرِ اہلِ بیت علیہم السلام کے احیاء کے مقصد سے انجام دیے جا رہے ہیں۔




