کربلائے معلیٰ میں یومِ عاشورا کے موقع پر تاریخی جلوسِ طویریج کے استقبال کے لئے روضۂ امام حسین علیہ السلام کی تیاریوں کا آغاز

ماہِ محرم الحرام کے ایامِ عزا قریب آتے ہی روضۂ مقدس حسینی کی جانب سے حرمِ مطہر اور اس کے اطراف میں انتظامات اور تیاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، تاکہ عزاداری کے مراسم بالخصوص یومِ عاشورا کے موقع پر منعقد ہونے والے تاریخی جلوس طویریج کے لئے بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ عمرانی اور خدماتی اقدامات خصوصی طور پر حرمِ حسینی کے اطراف اور گزرگاہوں کو اس انداز میں تیار کرنے پر مرکوز ہیں کہ لاکھوں زائرین کے لئے آمد و رفت اور جلوس کی روانی میں آسانی پیدا ہو۔
روضۂ مقدس حسینی ہر سال جلوسِ طویریج کے راستوں پر نرم مٹی اور ریت بچھانے، نیز داخلی و خارجی دروازوں کی حفاظتی تدابیر کو مضبوط بنانے کا اہتمام کرتا ہے، تاکہ اس تاریخی اور عظیم الشان عزائی ہرولے کے دوران ہجوم کی وجہ سے پیش آنے والے ممکنہ حادثات اور جسمانی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔




