خطیب اکبر و خطیب العرفان کی یاد میں مجلس عزا، علماء و مومنین کی کثیر شرکت
خطیب اکبر و خطیب العرفان کی یاد میں مجلس عزا، علماء و مومنین کی کثیر شرکت
لکھنو۔ معروف شیعہ عالم و مبلغ مرحوم خطیب اکبر مولانا مرزا محمد اطہر اور نامور خطیب و استاد شاعر مرحوم خطیب العرفان مولانا مرزا محمد اشفاق شوق لکھنوی کی یاد میں خانوادۂ خطیب اکبر کے زیر اہتمام سعید الملت ہال، شیعہ کالج لکھنو میں ایک پُروقار مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔
مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شعرائے کرام نے بارگاہِ اہلِ بیت علیہم السلام میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مقررِ مجلس مولانا سید قمر حسنین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم خطیب اکبر اور مرحوم خطیب العرفان کی علمی، دینی، ملی اور عزائی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات نے اپنی خطابت، تبلیغ اور علمی خدمات کے ذریعہ عزاداریٔ امام حسین علیہ السلام اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ میں گراں قدر کردار ادا کیا۔
مجلس عزا میں علماء، واعظین، ذاکرین، شعرا اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحومین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مجلس کے اختتام پر خطیب اکبر کے فرزند ڈاکٹر یعسوب عباس اور دیگر افرادِ خاندان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ مرحوم خطیب اکبر مولانا مرزا محمد اطہر اردو زبان کے ممتاز خطیب شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے ممبئی کی مغل مسجد میں مسلسل تقریباً 57 برس تک محرم الحرام کے عشرۂ اول کی مجالس سے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ہندوستان اور بیرونِ ملک اردو داں مومنین کے متعدد مراکز میں مجالسِ عزا سے خطاب کیا۔ ان کے چھوٹے بھائی مرحوم خطیب العرفان مولانا مرزا محمد اشفاق شوق لکھنوی بھی ایک معروف خطیب، ادیب اور استاد شاعر کی حیثیت سے علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے، انہوں نے بھی ملک کو بھی رونے ملک میں نمایاں عزائی خدمات انجام دی ہے۔




