امام موسیٰ بن جعفر علیہما السلام کی ولادت باسعادت کے یادگار ہفتہ کا آغاز
امام موسیٰ بن جعفر علیہما السلام کی ولادت باسعادت کے یادگار ہفتہ کا آغاز
تاریخی منابع میں حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی تاریخِ ولادت کے بارے میں مختلف اقوال نقل ہوئے ہیں، تاہم متعدد شیعہ علماء بعض مستند شواہد کی بنیاد پر آپؑ کی ولادت کو ماہِ ذی الحجہ میں معتبر قرار دیتے ہیں۔
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ بھی ساتویں امام کی ولادت کو ماہِ ذی الحجہ میں تسلیم کرتے ہیں اور امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی جائے ولادت کو بھی اس نظریے کی ایک اہم دلیل قرار دیتے ہیں۔
اسی مناسبت سے امام حسین علیہ السلام میڈیا نیٹ ورک نے 20 تا 26 ذی الحجہ کو حضرت امام موسیٰ بن جعفر علیہما السلام کی ولادت باسعادت کے یادگار ہفتہ کے طور پر نامزد کیا ہے۔
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام تقریباً 128 یا 129 ہجری میں حج سے واپسی کے سفر کے دوران مقامِ ابواء میں، جبکہ بعض روایات کے مطابق مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔
آپؑ اپنے والد بزرگوار حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی 148 ہجری میں شہادت کے بعد تقریباً بیس سال کی عمر میں منصبِ امامت پر فائز ہوئے۔ آپؑ کا دورِ امامت متعدد عباسی خلفاء کے زمانے سے ہم عصر تھا۔
آپؑ کی کنیت ابوالحسن، ابو ابراہیم اور ابو علی تھی، جبکہ کاظم، عبد صالح، نفسِ زکیہ، زین المجتہدین، وفی، صابر، امین اور زاہر آپؑ کے مشہور القابات میں شامل ہیں۔
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کا دورِ امامت شدید سیاسی دباؤ، علوی تحریکوں اور مختلف قیاموں کے عروج کا زمانہ تھا۔
آپؑ سے اعتقادی، فقہی اور اخلاقی موضوعات پر کثیر تعداد میں احادیث و روایات نقل ہوئی ہیں، جبکہ آپؑ نے مختلف ادیان اور مذاہب کے علماء کے ساتھ متعدد علمی مناظرے بھی فرمائے۔
واقعۂ فدک کے سلسلہ میں آپؑ نے فدک کی وسیع حدود بیان کرتے ہوئے امت کی قیادت و رہبری پر اہلِ بیت علیہم السلام کے حق کو واضح فرمایا۔
امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو متعدد مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں اور آپؑ نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے آخری سالوں کا ایک بڑا حصہ زندان میں گزارا۔
بالآخر آپؑ 183 ہجری میں جامِ شہادت نوش فرما گئے، جس کے بعد امامت کا منصب حضرت امام علی رضا علیہ السلام کو منتقل ہوا۔
آج آپؑ کا روضۂ اقدس کاظمین مقدسہ میں واقع ہے، جہاں دنیا بھر سے لاکھوں محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام حاضری دے کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔



