22 شوال؛ یوم وفات آیۃ اللہ العظمیٰ سید نعمت اللہ جزائری رحمۃ اللہ علیہ

آیۃ اللہ العظمیٰ سید نعمت اللہ جزائری، جناب سید عبداللہ مرحوم کے فرزند تھے، آپ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ آپ کی پیدائش تقریباً 1050 ہجری میں بصرہ کے قریب ایک علاقے "صباغیہ” میں ہوئی۔
ابتدائی تعلیم اپنے وطن میں حاصل کرنے کے بعد آپ شیراز تشریف لے گئے، جہاں آپ نے بڑی محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس کے بعد آپ اصفہان گئے اور وہاں کے بڑے علماء جیسے آیات عظام محقق سبزواری، شیخ حر عاملی، ملا محسن فیض کاشانی اور علامہ محمد باقر مجلسی رحمۃ اللہ علیہم سے علم حاصل کیا اور علمی کمال کی بلندیوں تک پہنچے۔
آپ کو خاص طور پر علامہ مجلسی رضوان اللہ تعالی علیہ کی توجہ حاصل رہی، یہاں تک کہ آپ نے چار سال تک ان کی مشہور کتاب بحار الانوار کی تالیف میں ان کی مدد کی۔ بعد ازاں آپ خود اصفہان کے بڑے اساتذہ میں شمار ہونے لگے۔
روایت ہے کہ کثرتِ مطالعہ کی وجہ سے آپ کو آنکھوں کا شدید درد لاحق ہو گیا، جو طبی علاج سے ٹھیک نہ ہوا۔ چنانچہ آپ اپنے بھائی کے ساتھ عتباتِ عالیات گئے اور وہاں کی مقدس خاک کو آنکھوں میں سرمہ کے طور پر استعمال کیا، جس سے آپ کو شفا حاصل ہوئی۔
زندگی کے آخری ایام میں آپ حاکمِ خوزستان کی دعوت پر شوشتر گئے، جہاں آپ نے متعدد مساجد اور دینی مدارس قائم کئے اور اہلِ بیت علیہم السلام کے علوم کے طلاب کی تربیت میں مصروف رہے۔
آپ کی مشہور تصانیف میں الانوار النعمانیہ فی معرفہ النشأہ الانسانیہ، انیس الوحید فی شرح التوحید، ریاض الابرار فی مناقب الائمہ الاطہار، کشف الاسرار فی شرح الاستبصار، زہر الربیع فی الطرائف و الملح و المقال البدیع، ہدیۃ المؤمنین و تحفہ الراغبین شامل ہیں۔
آپ زیارت کے لئے مشہد گئے، اور واپسی پر شوشتر جاتے ہوئے خرم آباد میں بیمار ہو گئے۔ بالآخر 22 شوال 1112 ہجری کو پلدختر میں آپ کا انتقال ہو گیا اور وہیں آپ کو سپردِ خاک کیا گیا۔ آپ کا مزار مومنین کی زیارت گاہ ہے۔
واضح رہے کہ اللہ تبارک و تعالی نے آپ کی نسل میں علم و فقاہت کو کئی نسلوں تک قائم رکھا، جن میں ہندوستان کے عظیم شیعہ عالم و فقیہ مفتی سید محمد عباس موسوی شوستری رضوان اللہ تعالی علیہ، مفتی سید احمد علی رحمۃ اللہ علیہ، مفتی سید محمد علی رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے فرزند ارجمند مفتی سید طیب آغا جزائری رحمۃ اللہ علیہ کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔




