کربلا میں خبر نویسی کے اصولوں پر تربیتی کورس کا انعقاد، ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی مہارتوں میں اضافہ

میڈیا کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور صحافتی مہارتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے کربلا میں ثقافتی و فلاحی ادارہ "مصباح الحسین علیہ السلام” کے زیر اہتمام خبر نویسی کے اصولوں پر ایک تربیتی کورس منعقد کیا گیا۔
یہ پروگرام پیشہ ورانہ انداز میں خبر تیار کرنے کے طریقوں کی تعلیم اور شرکاء کو جدید میڈیا معیاروں سے روشناس کرانے کے لیے منعقد کیا گیا، جسے شرکت کرنے والوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
کورس کے دوران خبر کی ساخت، درست اندازِ تحریر، خبروں کی اقسام، اور جدید تدوینی (ایڈیٹنگ) طریقوں جیسے موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ شرکاء کو عملی طور پر بھی میڈیا کے اصولوں سے آشنا کیا گیا تاکہ وہ میدانِ صحافت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اس تربیتی پروگرام میں میڈیا اور فیلڈ رپورٹنگ کے ایک ماہر مدرس نے شرکت کی، جنہوں نے مواد کی تیاری کے حوالے سے اپنے عملی تجربات بھی منتقل کئے۔
یہ کورس 7 دنوں پر مشتمل ہے، اور اس کے اختتام پر شرکاء کو شرکت کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جبکہ بین الاقوامی سطح کا خصوصی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق، اس نوعیت کے پروگرامز میڈیا کے شعبے میں ماہر افراد کی تربیت اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور خبروں کے معیار کو بہتر بنانے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔




