عالمی تنظیم فری مسلم کی اپیل، جنگ کے خاتمے اور عالمی امن کی ضمانت پر زور، جنگ بندی کا خیرمقدم

عالمی تنظیم برائے عدمِ تشدد (فری مسلم) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فوجی کارروائیوں کو روکنے اور بین الاقوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
فری مسلم نے خبردار کیا ہے کہ جاری تنازعات انسانی، سیاسی اور سیکیورٹی بحران کو جنم دے سکتے ہیں اور علاقائی و عالمی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اس حوالہ سے تنظیم نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر ہجرت، غیرنظامی ہلاکتوں اور انسانی المیوں کا سبب بن سکتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کے خلاف ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جنگ عالمی معیشت کے استحکام کو متاثر کر سکتی ہے، خصوصاً اس لئے کہ یہ خطہ توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔
تنظیم نے اس خطرے کی بھی نشاندہی کی کہ تنازع وسیع علاقائی بحران میں تبدیل ہو سکتا ہے اور انتہاپسند گروہ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
فری مسلم نے فوری جنگ بندی اور عالمی امن کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ فریقین کے درمیان مذاکرات کے ذریعے پرامن حل تلاش کیا جا سکے، جو انسانی جانوں کے تحفظ اور عالمی امن کے قیام کے لیے سب سے مؤثر اور کم خرچ راستہ ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ تنظیم جنگ بندی اور عارضی طور پر لڑائی کے خاتمے کا خیرمقدم کرتی ہے اور اسے مکالمے کے لیے ایک مثبت موقع اور انسانی و سیکیورٹی بحران میں کمی کا ذریعہ قرار دیتی ہے۔
فری مسلم نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی پر عمل درآمد پائیدار معاہدوں اور مؤثر سفارتی حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔




