
گزشتہ روز عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے بغداد میں سعودی سفارتخانے کے سامنے "یومِ بقیع” کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مدینہ منورہ میں ائمہ بقیع علیہم السلام کے مزارات کی از سرِ نو تعمیر کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین نے ایک مشترکہ بیان میں عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقدساتِ اسلامی کے خلاف وہابی اقدامات اور جرائم کی مذمت کریں اور ائمہ بقیع علیہم السلام کے مقدس مزارات کی دوبارہ تعمیر کی اجازت دلائیں۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ سالانہ احتجاج آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کے دفتر کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی کاوشوں سے منعقد کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق، کربلا، نجف اور دیگر عراقی صوبوں سے ہزاروں افراد اس اجتماع میں شریک ہوئے، تاکہ تقریباً ایک صدی قبل وہابی گروہوں کی جانب سے ائمہ بقیع علیہم السلام کے مزارات کی مسماری کے واقعہ کو یاد رکھا جا سکے۔
شرکاء نے عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقدس اسلامی مقامات کی بے حرمتی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنا افسوسناک ہے، اور یہ کہ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ائمہ بقیع علیہم السلام کے مزارات کی بحالی کا مطالبہ پورا نہیں ہو جاتا۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے 8 شوال کو "عالمی یومِ بقیع” قرار دیا ہے، اور گزشتہ کئی برسوں سے ائمہ بقیع علیہم السلام کے مزارات کی بحالی کی تحریک جاری ہے۔



